جموں:جنوبی ضلع شوپیاں کے چودھری گنڈ علاقے میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے ہاتھوں ہلاک کیے گئے کشمیری پنڈت کی آخری رسومات جموں میں ادا کی گئی۔ صوبائی کمشنر جموں، اے ڈی جی پی اور ڈپٹی کمشنر نے آخری رسومات میں شرکت کی۔ آخری رسومات میں مقامی افراد بالخصوص نوجوانوں نے شرکت کی اور نم آنکھوں سے پنڈت کو رخصت کیا۔ Kashmiri Pandit shot dead in Shopian cremated
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ اتوار کے روز کشمیری پنڈت پورن کرشن بٹ کی بن تالاب جموں میں آخری رسومات ادا کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژنل کمشنر جموں، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ اور ڈپٹی کمشنر جموں بھی اس موقع پر موجود رہے۔ ان کے مطابق لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پورن کرشن بٹ کی آخری رسومات میں شرکت کی جس دوران رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کشمیری پنڈتوں نے کہا کہ وادی میں تعینات کشمیری پنڈت ملازموں کو فوری طور پر سیکورٹی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ مذکورہ کشمیری پنڈت نے بتایا کہ ہمیں ٹارگیٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور انتظامیہ نے اس حوالے سے معنی خیز خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔