اپنے دوروزہ جموں دورے کے دوران کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے پارٹی کارکنان سے خطاب کے دوران مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب جموں و کشمیر میں آر ایس ایس اور بی جے پی یہاں کی جامع ثقافت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہیں، جو بے حد افسوسناک ہے۔
آر ایس ایس، بی جے پی سے جموں و کشمیر کی جامع ثقافت کو نقصان پہنچ رہا ہے انہوں نے کہا کہ 'میں مطالبہ کرتا ہوں کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دیا جائے۔'
انہوں نے کہا کہ 'ایک جانب مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میں جموں میں ہوں، لیکن دوسری طرف اس بات کا دکھ بھی ہے کہ اب یہ ریاست نہیں، بلکہ ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ ہے'۔
مزید پڑھیں:جمعہ کے پیش نظر بانہال سے بارہمولہ پورہ ریل خدمات معطل
آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سابق صدر راہل گاندھی جمعرات کو اپنے دو روزہ دورے پر جموں پہنچے، کانگریس کے مقامی رہنماؤں وکارکنان نے جموں ایئر پورٹ کے باہر راہل کا والہانہ استقبال کیا۔ جموں پہنچ کر راہل گاندھی نے سب سے پہلے پیدل کٹرہ میں واقع شری ماتا وشنو دیوی مندر کا درشن کیا۔ جموں کی طرح کٹرہ میں بھی راہل گاندھی کا بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیا گیا اور نعرے بلند کیے گئے۔