جموں و کشمیر انتظامیہ نے سرحدی سیاحت کے فروغ دینے کے لیے ہند پاک سرحد پر واقع سچیت گڑھ سرحد کو امرتسر میں واہگہ سرحد کے طرز پر ترقی دے رہی ہے۔
ڈائریکٹر ٹورزم جموں وویک آنند رائے کے مطابق اس سلسلے میں 2 اکتوبر سے روزانہ 'ریٹریٹ تقریب' کا اہتمام کیا جائے گا تاہم واہگہ بارڈر میں ہونے والی روایتی پریڈ تقریب کے برعکس سچیت گڑھ میں صرف بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوان حصہ لیں گے، یعنی بھارت اور پاکستان کی مشترکہ پریڈ تقریب نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سچیت گڑھ میں منعقدہ ریٹریٹ تقریب کے دوران بی ایس ایف اہلکاروں کی طرف سے روزانہ ایک منظم پریڈ ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ سچیت گڑھ کو واہگہ سرحد کے طرز پر ترقی دینے کے لیے اکتوبر سے 'ریٹریٹ تقریب' کا انعقاد ہوگا، تاکہ سرحدی سیاحت کو فروغ مل سکے جو مذکورہ علاقے کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔
ڈائریکٹر ٹورزم جموں کا کہنا ہے 'اگرچہ اس طرح کی کوئی تقریب منعقد نہیں ہوگی جس طرح واہگہ سرحد پر ہوتی ہے لیکن سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے بی ایس ایف اہلکار ریٹریٹ تقریب کا اہتمام پابندی سے کریں گے۔'
وویک ائنند رائے نے کہا کہ محکمہ سیاحت جموں نے اس کے لئے درکار بنیادی ڈھانچے کو تیار کیا ہے اور سرحدی سیاحت پروجیکٹ کے تحت اس جگہ کو سیاحوں کے لئے باعث کشش بنانے کے لئے ایک ریستوران،ایک پارک اور دیگر سہولیات کو دستیاب رکھا جا رہا ہے۔