جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں آج بی جے پی کارکنان نے راجوی میں گزشتہ روز بی جے پی رہنما جسبیر سنگھ کے گھر پر ہوئے بم دھماکہ حملے کے خلاف احتجاج کیا اور اس معاملے میں این آئی اے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
بس اسٹینڈ پونچھ میں بھارتی جنتا پارٹی کے کارکن امن ڈاور اور ریاستی سیکریٹری سنیل گپتا کی قیادت میں بھارتی جنتا پارٹی کے کارکنان نے بی جے پی رہنما کے گھر میں ہوئے بم دھماکہ حملے کے خلاف احتجاج کیا۔بی جے پی کارکنان نے اس حملے میں مارے گئے ایک بچہ کی موت پر غم کا اظہار کیا اور پاکستان کا پتلا نذر آتش کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف نعرہ بازی کی۔
واضح رہے کہ راجوری میں گزشتہ رات بھارتی جنتا پارٹی کے منڈل سربراہ جسبیر سنگھ کے گھر پر بم دھماکہ ہوا تھا، اس دھماکہ میں جسبیر سنگھ کے تین سالہ بھتیجے ویر سنگھ کی موت واقع ہوگئی تھی۔
اسی سلسلے میں آج احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی کارکنان نے پاکستان کے خلاف الزام عائد کرتے ہوئے اسے دہشت گردانہ حملہ قرار دیا۔انہوں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ حرکت کہتے ہوئے پاکستان کا پتلا نذر آتش کیا اور پاکستان کے خلاف نعرے بھی لگائے۔