جموں میں مختلف تجارتی تنظیموں نے شہر میں 'رلائنس ریٹیل اسٹورز' کھولنے کے کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 22 ستمبر کو 'جموں بند' کی کال دی تھی، جس کی حمایت میں آج پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے پارٹی ہیڈ کوارٹر جموں کے باہر احتجاج کیا۔
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی خواتین یونٹ کی نائب صدر سرجیت کور نے احتجاج کے دوران ای ٹی وی بہارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے جموں خطہ میں 100 رلائنس آوٹ لٹ کھولنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ جس کے بعد چھوٹے دکاندار متاثر ہوں گے اور بیروزگاری میں اضافہ ہوگا جبکہ حکومت نے ترقی کے نام پر لوگوں کو برباد کرنا شروع کر دیا ہے۔ لہذا پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اس کی بھرپور مخالفت کرتی ہے اور آج ہم نے جموں بند کال کی حمایت کرتے ہوئے احتجاج کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی پی نے دفعہ 370 کی منسوخی سے پہلے ہی کہا تھا کہ اب جموں و کشمیر میں ترقی نہیں ہوگی بلکہ جموں و کشمیر میں بے روزگاری بڑھے گی۔ پی ڈی پی جموں میں رلائنس اسٹورز کھولنے کے خلاف ہے اور جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے۔