جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن (جے کے سی اے) کی جانب سے جموں و کشمیر میں سید مشتاق علی ٹرافی کے لیے ٹرائلز منعقد کئے گئے ہیں لیکن ٹرائلز کے لیے پہنچنے والے کھلاڑیوں نے الزام عائد کیا کہ کسی بھی نئے کرکٹر کو ٹیم سلیکشن کے عمل میں حصہ لینے کا موقع تک نہیں دیا گیا۔
تاہم نوجوانوں کا ماننا ہے کہ اُمید کے برعکس سلیکشن کے لیے ان ہی کھلاڑیوں کو بُلایا گیا جن میں سے زیادہ تر پہلے ہی رنجی ٹیم میں شامل ہیں اور جو باقی چند کھلاڑی بلائے گئے تھے وہ بھی پچھلے کچھ سال سے ٹیم سلیکشن کے عمل میں حصہ لے رہے تھے۔
جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن، جموں کے کرکٹ گراؤنڈ کے باہر چند نوجوانوں نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کے دوران بتایا کہ 'کسی بھی نئے کرکٹر کو ٹیم سلیکشن کے عمل میں حصہ لینے کا موقع تک نہیں دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سید مشتاق علی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ سے ہی آئی پی ایل اور دیگر اہم مقابلوں میں جانے کا موقع ملتا ہے اس لیے اس ٹورنامنٹ میں اوپن ٹرائل ہونا چاہیے تاکہ اُبھرتے کھلاڑیوں کو آگے جانے کا موقع ملے۔
جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ای ٹی وی بھارت نے پوچھا کہ اوپن ٹرائل کی بجائے مختص یا منتخب کھلاڑیوں کو ہی کیوں اور کس بُنیاد پر بلایا گیا؟ تو انہوں نے کسی طرح کے تبصرے سے انکار کردیا۔
ان نوجوان کھلاڑیوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کو چاہیے کہ وہ ہر ایک کھلاڑی کو ٹرائلز میں کھیلنے کا موقع دے تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔