'سیب کی پیداوار سے معاشی حالت میں بہتری آئی' - jammu and kashmir
سری نگر کے بعد سیب کی پیداوار ضلع پونچھ کے ایک گاؤں میں ہونے لگی ہے جہاں کسانوں نے مکئی کی فصل چھوڑ کر سیب کی کاشت شروع کردی ہے اور وہ رات میں سیب کے باغات میں کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
گاؤں کے کاشت کاروں نے پونچھ کے زراعت سائنس مرکز کی مدد سے گاؤں میں تقریبا دس سیب کے باغات تیار کیے ہیں۔ کاشت کاروں کے مطابق خراب موسم اور جنگلی جانوروں کی وجہ سے مکئی کی فصل میں بھاری نقصان اٹھانا پڑتا تھا۔ مزدوری اور گھر کے اخراجات پورے نہیں ہوتے تھے لیکن زراعت سائنس مرکز کی ٹیم نے اس علاقے کا دورہ کیا اور ہمیں سیب تیار کرنے کی ترغیب دی پھر کسی نے بھی مکئی کی طرف توجہ نہیں دی۔ گزشتہ تین چار برسوں سے مسلسل سیب کے باغ تیار کیے جا رہے ہیں اور اس سے کاروبار میں فائدہ ہوا ہے۔
کاشت کاروں کے مطابق معاشی حالت میں بہت بہتری آئی ہے۔ یہ دیکھ کر گاؤں کے دوسرے کسان بھی آگے آئے ہیں اور اپنے کھیتوں میں سیب کے باغات لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سیب کشمیر میں جلدی تیار ہوجاتا ہے اور اس سے کسانوں کو اچھی قیمت مل جاتی ہے صرف تھوڑی محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔
زراعت سائنس مرکز کے افسران نے بتایا کہ پہلے کوئی بھی کسان سیب کی کاشت کاری کے لئے آگے نہیں آرہا تھا۔ کچھ کاشت کار اپنے کھیتوں میں سیب کی پیداوار کرتے تھے جس کے لئے ہم نے کسانوں کو اچھی پیداوار کے سیب کے درخت لا کر دئے اور اب اچھی پیداوار دیکھ کر گاؤں کا ہر کسان اپنے کھیتوں میں سیب اور دیگر فصلوں کی تیاری میں مصروف ہے اور وہ اپنے کھیتوں میں سخت محنت کر رہا ہے۔ گاؤں کے کسانوں نے سیب کی پیداوار شروع کردی ہے۔ ان کے گھریلو اخراجات بھی سیب کی پیداوار پر منحصر ہیں۔ انہوں نے مکئی کی کاشت ترک کر دی ہے کیونکہ ایک کنال اراضی سے ایک کوئنٹل مکئی تیار کرتے تھے جبکہ اب ایک کنال زمین سے تقریبا 100 صندوق سیب پیدا کیا جارہا ہے جس سے گاؤں کے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔
زراعت سائنس مرکز کے محکمہ کے عہدیدار وقتا فوقتا گاؤں کا دورہ کرتے رہتے ہیں اور کاشت کاروں کو موسم کے مطابق درختوں میں کیڑے مار ادویات کے بارے میں آگاہ کرتے ہیں تاکہ کاشت کاروں کو کسی قسم کا نقصان نہ اٹھانا پڑے۔