ریاسی کے ضلع ترقیاتی کمشنر چرندیپ سنگھ Riasi District Development Officer کی جانب سے جاری ایک حکم نامہ کے مطابق ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی میں زیر تعلیم 13 طلبا میں کورونا کی تشخیص کے بعد وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے اگلے احکامات تک یونیورسٹی کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرین کے رابطے میں آنے والے اسٹوڈٹنس کو بھی الگ تھلگ رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
دوسری جانب ریاسی کے چیف میڈیکل آفیسر نے بتایا کہ 31 دسمبر اور یکم جنوری کو شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کیمپس میں زیر تعلیم طلبا کا ٹیسٹ لیا گیا تھا جس دوران 13 کی رپورٹ مثبت آئی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ اسٹوڈنٹس کو فوری طور پر کوارنٹائن کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز لگاتار بڑھ رہے ہیں اور حکام کی جانب سے رہنما اصولوں پر عملدرآمد کی خاطر بیداری مہم بھی شروع کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود بھی لوگ ماسک کے بغیر ہی گھروں سے باہر آرہے ہیں۔