کشمیر زراعت کے ڈائریکٹر محمد اقبال چودھری نے ضلع پلوامہ کے کھریو کے شار گاؤں میں انڈور زعفران کلٹیویشن سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس دوران اسکاسٹ کشمیر کے افسران اور زعفران اگانے والے کسان بھی موجود رہے۔ یہ انڈور سنٹر عبدالمجید نامی زعفران اگانے والے کسان نے اسکاسٹ یونیورسٹی کی مدد سے قاٸم کیا ہے جہاں زعفران کی بہترین پیداوار موجود ہے۔
ڈائریکٹر زراعت محمد اقبال چودھری نے کہا کہ 'انڈور زعفران کی کاشت کرنے سے زعفرآن کی صنعت کو مزید فروغ مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا 'اس تجربے سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ کسانوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔'
انہوں نے کہا کہ 'انڈور زعفران کی کلٹیویشن وہ لوگ بھی کرسکتے ہیں جن کے پاس زمین نہیں ہے کیونکہ انڈور زعفران کلٹیویشن کمرے میں کی جاتی ہے۔' انہوں نے کہا 'اس تجربے کے لیے زیادہ محنت بھی نہیں کرنی پڑتی ہے تاہم ہمیں اس کے لیے ساٸنس دانوں سے مشورہ لینے کی ضرورت پڑتی ہے۔'