پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے جموں وکشمیر کی عوام کو فرقہ وارنہ خطوط پر تقسیم کرنے کے مقصد سے حدبندی کمیشن رپورٹ کو ڈکسن پلان کی تقلید Delimitation Commission Report Imitation of Dixon Plan قرار دیا، انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی رپورٹ کو مسترد کرتی ہے، کیونکہ اِس نے جموں وکشمیر کے دونوں خطوں میں سماج کے سبھی طبقہ جات کو مایوس کیا ہے۔
الطاف بخاری نے پارلیمنٹ میں جموں وکشمیر کی نمائندگی کر رہے پانچ ممبران پارلیمان کے رول پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ 'پارلیمنٹ میں ان کی خاموشی ظاہر کرتی ہے کہ وہ لوگوں کے جذبات اور خواہشات کی نمائندگی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اِن اراکین پارلیمان کو پارلیمنٹ سے استعفیٰ دینا چاہئے، کیونکہ وہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی نمائندگی کرنے میں نا اہل رہے ہیں۔اِس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنی جماعتوں کی نمائندگی کررہے ہیں، نہ کہ لوگوں کی۔
اپنی پارٹی کے صدر نے ہفتہ کو جموں میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس میں پارٹی کے دیگر سنیئر لیڈران بھی موجود تھے۔ بخاری نے کہا کہ 'حد بندی کمیشن نے زمینی سطح پر مشق نہیں کی اور مختلف حلقوں میں لوگوں اور ان کے نمائندگان سے صلاح ومشورہ کیے بغیر منصوبے کو لوگوں کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم کرنے کے مقصد سے نافذ کیا لیکن لوگ ان کے منصوبہ کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 'اننت ناگ لوک سبھا حلقہ کو راجوری اور پونچھ کے ساتھ ضم کرنا لوگوں کے ساتھ نا انصافی کی ایک بڑی مثال ہے۔ انہوں نے کرناہ اسمبلی حلقہ کی غیر منطقی حدبندی کا تذکرہ کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا رائے دہندگان ان حلقوں میں ووٹ ڈالنے کی غرض سے اڑنے کے لیے ٹیکسی کا استعمال کریں گے جنہیں جغرافیائی خدوخال، دشواریوں اور طویل مسافت کو نظر انداز کرکے بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ جات چھ ماہ تک دیگر علاقوں سے منقطع رہتا ہے، کیسے ایک علاقے کے لوگ اپنے نمائندے سے ملنے دوسری جگہ دشوار گزار علاق کو عبور کر کے جائیں گے، کیا یہ ممکن ہے؟ انہوں نے کہا کہ سُچیت گڑھ حلقہ کو آر آیس پورہ میں ضم کرنے کے تعلق سے کہا کہ 'قومی سلامتی کے ساتھ سمجھوتہ کر کے ایک سیاسی پارٹی کے سیاسی مفاد کو ترجیح دینا سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حیران کن ہے، مگر حقیقت ہے کہ کمیشن ممبران نے پہلگام میں بیٹھ کر ایک ہی دن میں بغیر زمینی مشق کیے 12اسمبلی حلقوں کی رپورٹ مکمل کر لی۔