جموں :جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی بنیاد ناانصافی کی خلاف جدوجہد سے ہی پڑی ہے اور یہ جماعت آج بھی جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ ہورہی ناانصافیوں کے خلاف برسرِ کار ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو جہاں جموں و کشمیر کی واحد اور حقیقی عوامی نمائندہ جماعت ہونے کا طرۂ امتیاز حاصل رہا ہے وہیں اس جماعت نے ہمیشہ لوگوں کو ہی طاقت کا سرچشمہ سمجھا ہے اور یہ جماعت آج بھی اسی اصول پر قائم و دائم ہے۔
ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج جموں میں کٹرا، سانبہ، نگروٹہ اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے عوامی وفود، بی ڈی سی ممبران، پارٹی کارکنان سے خطاب کے دوران کیا۔
حدبندی کمیشن کی رپورٹ کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے صدر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ ناانصافی پر مبنی ہے، جس کا مقصد جموں وکشمیر کے عوام کو علاقائی، لسانی اور مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرکے بی جے پی کو انتخابات میں فائدہ پہنچانا ہے۔