جموں:آل پارٹی میٹنگ کے بعد رہنماؤں نے بتایا کہ چیف الیکٹورل آفیسر نے واضح کیا کہ 25 لاکھ ووٹروں کے اندراج کے حوالے سے جو افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں وہ من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ بھاجپا کو چھوڑ کر دیگر پارٹیوں کے وفود نے بتایا کہ چیف الیکشن کمیشن پر واضح کیا گیا کہ غیر مقامی افراد کو کسی بھی صورت میں ووٹنگ رائٹس نہیں ملنا چاہیے۔
جموں میں چیف الیکٹورل آفیسر کی سربراہی میں بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ میں سیاسی پارٹیوں کے وفود نے 25 لاکھ ووٹروں کے اندراج کا معاملہ اُٹھایا۔ معلوم ہوا ہے کہ چیف الیکٹورل آفیسر نے سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں کو بتایا کہ اس حوالے سے پھیلائی جارہی افواہیں حقیقت سے بعید ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے رہنماؤں نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ آج کی میٹنگ میں چیف الیکٹورل آفیسر نے بتایا کہ 25 لاکھ ووٹروں کی بات ہی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اب آگے دیکھنا ہے انہیں کیا کرنا ہے۔ اُن کے مطابق 15 ستمبر کو ڈرافٹ لسٹ تیار ہوگی۔ اُس کی جانچ پڑتال کے بعد ہی مزید کچھ کہا جاسکتا ہے۔ این سی رہنما نے مزید بتایا کہ جب ہم نے چیف الیکٹورل آفیسر سے فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں کو ووٹنگ لسٹ میں شامل کرنے کا ایشو اُٹھایا تو انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر ڈسٹربڈ ایریا ایکٹ میں آتا ہے اور ایسے افراد یہاں پر ووٹ نہیں ڈال سکتے۔