ریاست راجستھان میں ان دنوں اساتذہ کی جانب سے اپنے مطالبات کے سلسلہ میں احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔ یہ احتجاجی مظاہرے راجستھان اردو اساتذہ تنظیم اور راجستھان مدرسہ پیرا ٹیچر تنظیم کی جانب سے کئے جارہے ہیں، راجستھان اردو اساتذہ تنظیم کے ریاستی صدر امین قائم خانی کے مطابق اس ماہ جنوری کے اخیر میں دارالحکومت جے پور کے کلکٹریٹ پر کثیر تعداد میں عوام کا ہجوم جمع ہو گا اور یہاں سے راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کی رہائش گاہ کی جانب کوچ کیا جائے گا۔
اردو اساتذہ وزیراعلیٰ گہلوت کی رہائش گاہ کی جانب کوچ کریں گے
بھارتی ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں 18 جنوری پیر کے روز سے احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں، یہ احتجاجی مظاہرے راجستھان اردو اساتذہ تنظیم اور راجستھان مدرسہ پیرا ٹیچر تنظیم کی جانب سے کئے جارہے ہیں، ان تمام احتجاجی مظاہروں کے تحت آج وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کی رہائش گاہ کی جانب کوچ کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ راجستھان اردو اساتذہ تنظیم اور راجستھان مدرسہ پیرا ٹیچر تنظیم کی جانب سے حکومتِ راجستھان سے یہ مطالبات کیے جارہے ہیں کہ جن سرکاری اسکولوں میں اردو بند کر دی گئی ہے ان کو دوبارہ سے شروع کیا جائے، سال 2018 کے انتخابی منشور میں کانگریس پارٹی کی جانب سے مدرسہ پیرا ٹیچروں سے یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ مدرسہ پیرا ٹیچرز کو مستقل کیا جائے گا اس لیے مدرسہ پیرا ٹیچرس کو پرمانینٹ کیا جائے، ساتھ ہی سرکاری اسکولوں میں آن لائن تعلیم شروع کروائی جائے، سال 2013 میں جو مدرسوں سے متعلق امتحانات ہوئے تھے ان امتحانات کے نتائج جاری کیے جائیں، سرکاری اسکولوں میں بچوں کو اردو کی کتابیں فراہم کروائی جائیں، اور مدرسہ پیرا ٹیچروں کی تنخواہ سرکاری اساتذہ کے مساوی دی جائے ایسی شرائط کے بشمول دیگر مطالبات شامل ہیں۔