ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این پی آر کے مخالفت میں ایک خواتین اجلاس کا اہتمام کیا گیا۔
اجلاس کے مہمان خصوصی جامعہ ملیہ یونیورسٹی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء رہے۔ ان طلباء نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے خاص بات چیت بھی کی۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ جس طریقہ سے آج ملک کے حالات ہو رہے ہیں وہ بہت خراب ہیں۔ جب طلبہ شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کر رہے ہیں تو ان کو روکا جا رہا ہے۔ پولیس کی جانب سے مار پیٹ کی جا رہی ہے جو کہاں تک صحیح ہے۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی طالبہ عائشہ نے کہا کہ اس روز ہم امن وامان کے ساتھ ساتھ احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے لیکن یہ بات پولیس کو ناگوار لگی اور انھوں نے ہمارے اوپر لاٹھی چارج کر دیا۔ اس درمیان ہمارے کئی دوستوں کو زیادہ زخم بھی آگئے، جو ہم لوگوں نے ان کو بچانے کی کوشش کی تو ہمیں بھی مارا پیٹا گیا۔