راجستھان کے مدرسہ میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو ہندی، انگلش سمیت دیگر مضمون کی تعلیم دینے والے اساتذہ یعنی پیرا ٹیچرس نے آج راجستھان کے دارالحکومت میں واقع مدرسہ بورڈ دفتر پر احتجاج کیا۔
جےپور: مدرسہ پیرا ٹیچر نے مدرسہ بورڈ دفتر کے باہر احتجاج کیا مدرسہ بورڈ دفتر کے باہر پیرا ٹیچر جمع ہوئے اور اپنے مطالبات کو لے کر نعرے بازی کرنے لگے، اس دوران پولیس موقع پر پہنچی اور کورونا کا حوالہ دیتے ہوئے چھ لوگوں کو حراست میں لے لیا۔
تمام مدرسہ پیرا ٹیچر گزشتہ کافی عرصہ سے خود کو پرمانینٹ کرنے کا مطالبہ حکومت سے کر رہے ہیں لیکن ان لوگوں کی مطالبات کی جانب توجہ نہیں دینے کی وجہ سے آج کورونا وبا کے خطرے کے دوران بھی ان تمام لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
پیراٹیچر نے بتایا کہ اس وقت ہم لوگوں کو تنخواہ بھی نہیں فراہم کرائی جا رہی ہے اور مدرسہ بورڈ دفتر میں کام کرنے والے ملازمین صحیح طرح سے کام نہیں کر رہے ہیں۔
مظاہرین کو پولس نے ہراست میں لیا اور جگہ خالی کرائی۔ واضح رہے کہ ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا ہے جب یہ تمام پیرا ٹیچر احتجاجی مظاہرہ کرنے کے لئے ریاستی مدرسہ بورڈ دفتر کے باہر جمع ہوئے ہیں بلکہ کئی مرتبہ اپنے مطالبات کو لے کر پیراٹیچر حکومت کو آگاہ بھی کر چکے ہیں۔ اس دوران حکومت کی جانب سے ان کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ آپ تمام لوگوں کی پریشانیوں کا حل نکالا جائے گا۔
بجاج نگر پولیس تھانے کے انچارج مانویندر سنگھ نے بتایا کہ کورونا کو لے کر دفعہ 144 نافذ ہے، ایسے میں یہ لوگ احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے، ہم نے موقع پر پہنچ کر ان کو وہاں سے ہٹایا اور چند لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔