ریاست راجستھان، ضلع چتوڑ گڑھ کے بیگون علاقہ کے گاؤں ٹھکرائی میں گائے کو پتھر کے ذریعہ جان سے مارنے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔ اس سلسلے میں گاؤں والوں کی جانب سے ایک شخص کے خلاف نامزد رپورٹ بھی درج کی گئی ہے۔ جس پر پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق بیگون تھانہ علاقہ کے گاؤں ٹھکرائی میں 3-4 گائیوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ جب دیہاتیوں کو اس کا علم ہوا تو ان میں غم و غصہ پھیل گیا۔ گاؤں کے لوگوں نے ملزم کو پکڑنے کے لیے گاؤں میں نگرانی کرنی سروع کردی ہے۔ جس کے بعد یہ پتہ چلا کہ گاؤں کا ہی رہائشی سوہن لال عرف پپو ولد دیوی لال دھاکڑ گائے کو پتھر سے مار کر ہلاک کر رہا ہے۔ لوگوں نے اس کی ایک ویڈیو بھی بنائی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
اس سلسلے میں ٹھکرائی گاؤں کے رہائشی سنیل جین، سنجے سوتھر، اوم پرکاش دھاکڑ، شانتی لال دھاکڑ اور امبلال دھاکڑ سمیت دیگر دیہاتیوں نے بیگون تھانے میں ایک رپورٹ بھی درج کرائی ہے۔ رپورٹ کے مطابق تقریبا پانچ دن پہلے اور ہفتہ کے روز ملزم سوہن لال گائے کو بے دردی سے مار رہا ہے، ملزم اب تک 3 سے 4 گائیں مار چکا ہے۔
جب گاؤں کے لوگوں نے اس شخص کو سمجھانے کی کوشش کی تو اس نے گاؤں والوں کو ہی گالیاں دینی شروع کردی اور بحث کرنے لگا۔ دیہاتیوں نے الزام لگایا ہے کہ یہ مجرمانہ حرکت کر رہا ہے جس کو روکنے کی سخت ضرورت ہے۔
گائے کو مارنے والے ملزم کی ویڈیو لوگوں کے پاس موجود ہے۔ وہیں بیگون پولیس اسٹیشن نے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے اور ویڈیو کی بھی تصدیق کی جارہی ہے۔