ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں حج کے دوران ستر برس سے زیادہ عمر والے حج کی ریزرو کیٹگری کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بزرگوں کے لیے حج ریزرو کٹیگری میں ہورہی بے ضابطگیوں سے ناراض راجستھان حج ویلفیئرسوسائٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور متعلقہ محکمہ کو مکتوب بھیجا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی حج کمیٹی سمیت دیگر محکموں کو بھیجے گئے مکتوب میں ذکر کیا گیا ہے کہ حج 22-2018 کے مطابق ستر برس سے زائد عمر والے عازمین کے ساتھ کوئی بھی شخص سفر حج پر جاسکتا ہے۔
حج ویلفیئر سوسائٹی کے ارکان نے معمر حج کٹیگری میں بے ضابطگیوں پر شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ستر برس سے زیادہ عمر والے شخص کا رشتہ دار بتا کر لوگ مقدس سفرحج پر جاتے ہیں ،لیکن ان کا اخلاق اتنا خراب ہوتا ہے کہ وہ وہاں جاکر بزرگوں کو اپنے حال پر چھوڑ دیتے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا ۔
حج ویلفیئر سوسائٹی کی وزیر اعظم کو مکتوب راجستھان حج ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سکریٹری حاجی نظام الدین نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ہم سینٹرل حج کمیٹی سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ستر برس کے جو حاجی حج کے لیے جاتے ہیں، ان کے ساتھ دوسرے لوگوں کو بھی جوڑا جاتا ہے، یا تو ان کے اوپر سختی سے قانون بنایا جائے یا پھر اس کیٹگری کو ختم کردیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جو گذشتہ چار برسوں والا قانون تھا اس کو دوبارہ سے شروع کیا جائے۔