موصول اطلاع کے مطابق تحریک کی قیادت کر رہے گوجر لیڈر کرنل کروڑی سنگھ بینسلا اس بات چیت کے لئے بیانا سے روانہ ہوچکے ہیں اور ان کا گیارہ رکنی وفد کبینٹ سب کمیٹی کے ساتھ آرایس ای بی کے گیسٹ ہاؤس میں بات چیت کرے گا۔
گوجر لیڈروں کی حکومت کے ساتھ بات چیت - وزیر لیبر ٹیکا رام جولی
راجستھان میں اپنے مطالبوں کے سلسلے میں گزشتہ یکم نومبر سے تحریک چلا رہے گوجر لیڈروں کی آج دوپہر بعد حکومت کے ساتھ جے پور میں بات چیت ہوگی۔
اس بات چیت میں حکومت کی جانب سے وزیر توانائی بی ڈی کلا، وزیر لیبر ٹیکا رام جولی اور وزیر مملکت برائے طب سبھاش گرگ شرکت کریں گے۔ اس میٹنگ میں گوجروں کے مطالبوں پر بات چیت ہوگی اور اس میٹنگ کے بعد گوجر تحریک کے ختم ہونے کے امکانات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ کہاجارہا ہے کہ اس میٹنگ میں کوئی نتیجہ نہیں نکلنے پر وزیراعلی اشوک گہلوت کے گوجر لیڈروں سے بات چیت کرنے کے امکانات ہیں۔
واضح رہے کہ پہلے یہ خبر آ رہی تھی کہ وزیراعلی گوجر لیڈروں سے بات کر سکتے ہیں لیکن اب یہ لیڈر کیبینٹ سب کمیٹی سے بات چیت کریں گے اور اس میں کوئی حل نہیں نکلا تب مسٹر گہلوت سے بات چیت کرنے کے امکانات ہیں۔ تحریک کو ختم کرانے کے لئے وزیر کھیل اشوک چاندنا اورانتظامیہ اور پولس کے اعلی افسران بھی کوشش کرچکے ہیں لیکن کوئی بات نہیں بن سکی۔