راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے ریاست میں عالمی وبا کورونا کے بڑھتے مریضوں کے سبب پھر کورونا پروٹوکال پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہلے سے خطرناک ہو گیا ہے، ایسے میں سبھی کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ میں سبھی سے پھر اپیل کرتا ہوں کہ ماسک لگانے، ہاتھ دھونے اور سوشل ڈسٹینسنگ قائم رکھنے کے پروٹوکال پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ تھوڑی سی لاپرواہی بھی کسی کی ہلاکت کا سبب بن سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی اس دوسری لہر میں آنے والے زیادہ تر مریض بغیر علامت والے ہیں۔ پہلے مریض میں علامت نظر آتی تھیں جس سے ان کی شناخت کر کے کوارنٹائن کرنا آسان تھا۔ بغیر علامت والے مریضوں کی شناخت بغیر ٹیسٹ کے مشکل ہے۔ ایسے مریض کو از خود متاثر ہونے کا بھی اندازہ نہیں ہوتا ہے۔