ریاست مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندور میں شب قدر میں دکھنے والی چہل پہل اور سجاوٹ کورونا گائیڈ لائن پر عمل آوری سے ختم ہوگئی ہے۔
ریاست میں کورونا کی دوسری لہر سے لوگ خوفزدہ ہیں کورونا سے تحفظ کے لیے انتظامیہ نے اجتماعی عبادت کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، ایسے میں رمضان کا آخری عشرہ بھی شروع ہوگیا ہے اس عشرے کی طاق راتوں میں مسلمان شب قدر کی رات کی تلاش کرتا ہے۔
اندور میں شب قدر پر کورونا کا اثر اس تعلق سے علماء اکرام کا بیان ہے کہ شب قدر کی راتوں کی عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے افضل ہے لہذا ہر مسلمان ان راتوں میں عبادتوں میں گزارتا ہے، مگر کورونا گائیڈ لائن کے پیش نظر اجتماعی تقریبات پر پابندیوں کی وجہ سے گزشتہ برس کی طرح اس مرتبہ بھی شب قدر کا اہتمام گھر پر ہی کیا جا رہا ہے۔
مولانا ندیم رضا نے کہا کہ ہم اللہ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہم کو رمضان المبارک کا مہینہ عطا فرمایا اور اس ماہ میں لیلۃ القدر بھی ہے، اس رات میں مقدس کتاب قرآن الحکیم نازل فرما کر اپنے بندوں پر احسان فرمایا۔ قرآن کی رہنمائی کے ذریعے ہم دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی کامیابی و کامرانی حاصل کر سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ کورونا ہدایت کے پیش نظر اندور میں شب قدر کی راتوں میں ہر مسلمان اپنے گھروں میں شب قدر کا اہتمام کررہے ہیں، جس کی وجہ سے بازاروں میں چہل پہل اور سجاوٹ نظر نہیں آرہی ہے۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ آنے والے سالوں میں ہمیں پھر سے شب قدر نصیب فرما۔