صوبے کا تجارتی دارالحکومت کہے جانے والا شہر اندور جہاں کورونا سے متاثر سب سے زیادہ مریض سامنے آئے ہیں ، وہاں اب دھیرے دھیرے مریضوں میں بھی کافی کمی ہوئی ہے۔ ایسے وقت میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری پر تبصرہ کرنے والے نیوز اینکر کے خلاف شہر کے لوگوں میں سخت غم و غصہ نظر آ رہا ہے۔ ان سے عقیدت اور محبت رکھنے والوں نے آج علاقے وار تھانوں، ڈی آئی جی آفس اور کمشنر آفس میں نیوز اینکر امیش دیوگن کے متنازع بیان کے خلاف معاملہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
شہر قاضی ڈاکٹر سید عشرت علی نے کہا کہ آج میڈیا میں ایسے لوگ آگئے ہیں جو نفرت پھیلانے کا کام کر رہے ہیں جبکہ میڈیا کا کام امن و محبت قائم کرنا تھا۔ یہ ملک کہاں تھا اور آج کہاں پہنچ گیا ہے۔ ہم نے ڈی آئی جی سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد سے جلد کارروائی کی جائے۔ سرور دھرم صبح کے صدر منظور بیگ نے کہا کہ ہم نے صدر جمہوریہ کے نام ایک میمورنڈم بھیجا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ وہ صوفی سنت جن کے چاہنے والے ملک میں نہیں بلکہ بیرون ملک میں بھی ہیں، ان کی شان میں گستاخی کرنے والے متنازعہ بیان کی جانچ کی جائے اور معاملہ درج کیا جائے۔