ریاست تلنگانہ کے حیدرآباد میں بھی کورونا کا قہر جاری ہے اور ہر روز اموات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، کورونا کی دوسری لہر کے شدت سے عوام خوف کے عالم میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔
لوگ اپنے عزیزوں کی تدفین اور آخری رسومات کی انجام دہی سے بھی گھبرا رہے ہیں، سخت آزمائش کی گھڑی ہے، ایسے نازک حالات میں چند تنظیمیں اور نوجوان اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر انسانیت کی بہترین خدمت کر رہے ہیں۔
ان تنظیموں میں یوتھ ویلفیئر تلنگانہ کو نمایاں و ممتاز مقام حاصل ہے، یوتھ ویلفیئر تلنگانہ تنظیم گزشتہ ایک برس سے حیدرآباد میں کورونا سے فوت ہونے والے افراد کی بلا تفریق مذہب و ملت تدفین اور آخری رسومات کا نظم کر رہی ہے۔
اس تنظیم نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک سکھ برادری کی میت کے آخری رسومات ان کی رسم رواج کے مطابق پرانا پل کے شمشان گھاٹ میں ادا کی، جس کے بعد میت کے اہل خانہ نے یوتھ ویلفیئر تلنگانہ کے صدر سید جلال الدین ظفر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پوری ٹیم کو دعا دی، انھوں نے کہا کہ اس دور میں آپ جو کام کررہے ہیں یہی انسانیت ہے۔
یوتھ ویلفیر تنظیم کے بانی و صدر سید جلال الدین ظفر نے بتایا کہ یہ انسانیت کی خدمت کا وقت ہے، موجودہ حالات میں انسانیت سسک رہی ہے، انہوں نے بتایا کہ کورونا کے باعث سماج میں کافی خوف پایا جاتا ہے، کورونا سے مرنے والوں کی تدفین اور آخری رسومات بہت بڑا مسئلہ ہے، کیونکہ قریبی رشتہ دار بھی تدفین اور آخری رسومات کے لیے آگے نہیں آ رہے ہیں۔