تریپورہ میں ہوئے پرتشدد واقعات کے خلاف آج حیدرآباد کے علاقے مہدی پٹنم میں مسجد عزیزیہ کے قریب نماز جمعہ کے موقع پر مسلمانوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کے دوران مرکزی حکومت، تریپورہ حکومت، پولیس اور فرقہ پرست جماعتوں کے خلاف نعرے بلند کئے گئے۔
اس موقع پر ایک احتجاجی محمد حفیظ نے کہاکہ تریپورہ میں گذشتہ کئی دنوں سے مسلمانوں پر حملے کئے جارہے ہیں۔ وہاں پر کئی مساجد کونقصان پہنچایا گیا۔ قرآن مجید کی بے حرمتی کی گئی ہے اور رسولﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کی جارہی ہے- مسلمان اس کو کبھی بھی برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ تریپورہ میں قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے اور حقیقت بیان کرنے والے وکلاء کے خلاف UAPA جیسے سخت قانون کے تحت کاروائی کی جارہی ہے جو نامناسب ہے۔
انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھر سے نکلے اور جمہوری اندازمیں تروپورہ کے مسلمانوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کریں۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے تریپورہ کے مسلمانوں کی حفاظت کرنے اور فسادیوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔