تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں دو دوستوں نے ایک ایسا طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے تاکہ کسی کو مکان بنانے میں زیادہ وقت نہ لگے اور آسانی سے اس مکان کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منقل کیا جا سکے۔
یہ دو دوست جیلانی اور وجے ہیں جو پہلے کرائے پر کرین خدمات مہیا کراتے تھے لیکن بدلتے وقت کے ساتھ یہ کاروبار کمزور پڑ گیا۔ اس کے بعد ان دونوں دوستوں نے اپنے لئے ایک متبادل کاروبار کو تلاش کیا، ساتھ ہی لوگوں کی ضرورت کو دھیان میں رکھتے ہوئے متبادل کاروبار کی فکر نے انہیں موبائل گھروں کی ضرورت کا احساس کرایا جنہیں گھر کے مالک اپنے ساتھ کہیں بھی لے جا سکتے ہوں۔ اس طرح ان دونوں دوستوں نے اس کاروبار کو شروع کیا۔
جیلانی نے کہا کہ 'جب ہم لوگوں نے دوسرے ممالک میں ایسے گھر دیکھے تو ہمیں موبائل گھر بنانے جیسا کچھ کرنے کا خیال آیا۔ ہم لوگوں نے پہلے دکھانے کے لئے اس گھر کو بنانے کا کام شروع کیا تھا۔ اس کے بعد ہم لوگوں نے تقریباً 70 گھروں کو بنانے کا کام شروع کیا اور سبھی کو خریدار تک پہنچا دیا اور لوگوں کی جانب سے بھی اس کا مثبت ردعمل آیا۔'
جیلانی اور وجئے نے دو سال قبل ایک دو منزلہ موبائل گھر تعمیر کیا۔ وہیں سے یہ کاروبار شروع ہوا۔ اس کے بعد مقامی لوگ، دوسرے کاروباری اور شہر کے دوسرے لوگ اس سے بہت متاثر ہوئے اور انہیں کئی لوگوں سے ایسے گھر بنانے کا آرڈر ملنے لگا۔ اس میں کچے مال کے طور پر لکڑی اور لوہا کا استعمال کیا جاتا ہے۔ گھر بنانے کا کام ڈیڑھ سے دو ماہ میں مکمل ہو جاتا ہے۔
جیلانی نے کہا کہ 'تمام گھر الگ الگ ماڈل کے ہیں۔ ہمارے پاس ایک، دو اور تین بیڈ روم ماڈل والے گھر ہیں۔ اب تک 15 ایک بیڈ روم والے گھر ہم نے بنائے ہیں۔ دو بیڈ روم والے گھروں کی تعداد 25 ہے۔ یہ کہیں بھی لے جانے میں آسان ہیں، چونکہ ان میں ضرورت کے مطابق کہیں بھی لے جانے کی سہولت ہوتی ہے اس لئے ایسے گھروں کی مانگ بہت ہے۔'