اردو

urdu

ETV Bharat / city

تلنگانہ: ریاستی وزیر داخلہ کی اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ - سائبر آباد پولیس کمشنریٹ

تلنگانہ کے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اپنے دفتر میں سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کے اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے ساتھ معین آباد میں پیش آئے افسوسناک واقعہ پر ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منگل کو منعقد کیا۔

telangana
telangana

By

Published : Sep 30, 2020, 3:12 AM IST

اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے ساتھ کافی سنجیدگی کے ساتھ تفصیلات حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ 'تلنگانہ حکومت اس معاملہ میں کافی سنجیدہ ہے۔ وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ اس معاملہ کی تمام زاویوں سے جانچ کرکے ملزم کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔'

وزیر داخلہ نے کہا کہ 'معین آباد میں پیش آئے وحشیانہ واقعہ سے ہم سب کو افسوس ہے۔ ہم اس طرح کے واقعات کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔'

تلنگانہ: ریاستی وزیر داخلہ کی اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ

انہوں نے کہا کہ 'اس کیس کے متعلق جائزہ حاصل کرنے کے بعد کیس کو راجندر نگر کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر کے حوالے کیا گیا ہے اور انہیں تاکید کی گئی ہے کہ کیس کو سنجیدگی کے ساتھ انجام دیتے ہوئے چارج شیٹ تیار کی جائے۔'

وزیر داخلہ نے کہا کہ 'ملزم مدھو سُدھن پر پی ڈی ایکٹ بھی لگائی گئی ہے۔ تلنگانہ حکومت واضح انداز میں کہتی ہے کہ وہ کسی بھی ملزم کی پشت پناہی نہیں کرتی اور نہ ہی مذہبی بھید بھاؤ کرتی ہے۔'

محمد محمود علی نے کہا کہ 'معین آباد میں ایک مسلم بہن کے ساتھ جو درد ناک واقعہ پیش آیا ہے، وہ ناقابل فراموش ہے۔ تمام لوگوں کے علم میں یہ بات لائی گئی کہ تلنگانہ میں مسلم لڑکی کے علاوہ کسی بھی مذہب کی لڑ کی کے ساتھ اس طرح کے واقعہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملزم کو فاسٹ ٹریک کے تحت جلد سے جلد سزا کا مستحق قرار دیا جائے گا۔'

انہوں نے کہا کہ 'ہم نے ایک غریب اور معصوم بہن کو کھویا ہے جس کا ہمیں غم ہے۔'

وزیر داخلہ نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ 'تلنگانہ حکومت اپنے سیکولرزم کے لئے مشہور ہے۔ تمام لوگوں کے ساتھ عدل و انصاف برقرار رکھا جائے گا۔ کسی کے ساتھ کوئی کمی بیشی نہیں کی جائے گی۔'

انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ پھیلائے جارہے غلط بیانوں پر توجہ نہ دیں کیونکہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جارہی افواہوں میں بد زبانی اور بد اخلاقی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ ایسی زبان استعمال کی جارہی ہے جس کو عزت دار طبقہ کبھی قبول نہیں کرتا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی پر تنقید کر تے وقت اپنی زبان پر قابو رکھنا نہایت اہم ہوتا ہے اور اس سے عوام کو فائدہ ہونا چاہیے۔کچھ لوگ اپنے آپ کو مسلمان کہتے ہوئے ایسی زبان کا استعمال کررہے ہیں جس سے پوری مسلم برادری شرمسار ہورہی ہے۔

محمد محمود علی نے آخر میں کہا کہ 'عوام،تلنگانہ حکومت پر اعتماد رکھیں اس کیس میں ملزم کو سخت سے سخت سزا دلائی جائے گی۔ حکومت تلنگانہ اس کیس کو پوری دیانتداری کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہوئے ملزم کو اس کے کیفر کردار تک پہنچائے گی۔'

اس جائزہ اجلاس میں سائبر آباد پولیس کمشنر وی سی سجنار، ڈپٹی پولیس کمشنر پرکاش ریڈی، اسسٹنٹ پولیس کمشنر اشوک چکرورتی موجود تھے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details