آج منعقدہ کابینی اجلاس میں طبی حکام کی جانب سے دی گئی جانکاری پر غور کرتے ہوئے لاک ڈاون کو ختم کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ ریاست میں کورونا کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے جبکہ کورونا سے متعلق صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے۔
تلنگانہ میں یکم جولائی سے اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے کام کرنا شروع کردیں گے۔ ریاستی کابینہ نے طلبا کو جسمانی طور پر کلاسس میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے۔ آج کابینی اجلاس میں یکم جولائی سے تعلیمی اداروں کو کھولنے اور کلاسس میں طلبا کی شرتک سے متعلق بھی اہم فیصلہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ کے دفتر نے بتایا کہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کی جانب سے کورونا سے متعلق پیش کی گئی رپورٹ پر غور و خوص کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
کابینہ نے عوام کو کورونا سے محفوظ رہنے کا مشورہ دیا اور لوگوں کو کورونا ضوابط پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی۔ کابینہ میں لاک ڈاون کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے نافذ پابندیوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے کےلیے ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد ریاستی حکومت نے 12 مئی کو ریاست میں 10 روزہ لاک ڈاون نافذ کیا تھا، جس کے بعد 18 مئی کو ریاستی حکومت نے لاک ڈاون میں 30 مئی تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ لاک ڈاون کے دوران صبح 6 تا 10 بجے تک نرمی دی جارہی تھی۔ بعد میں 30 مئی سے 9 جون تک لاک ڈاون میں توسیع کرتے ہوئے نرمی کے اوقات کو بڑھایا گیا تھا اور پھر لاک ڈاون میں مزید 10 دن کی توسیع کی گئی جبکہ صبح 6 بجے تا شام 6 بجے تک نرمی دی جارہی تھی۔ آج ریاستی کابینہ نے ریاست سے مکمل طور پر لاک ڈاون کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔