تلنگانہ میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دئے جانے کے باوجود ریاست میں اردو کو نظر انداز کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاستی حکومت خود کو اقیلت نواز اور وزیر اعلیٰ خود کو محب اردو تو قرار دیتے ہیں لیکن سرکاری دفاتر، ریلوے اسٹیشن، بس اسٹاپ، اسپتالوں اور سرکاری اسکول اور کالجوں کے بورڈ بھی اردو میں نصب نہیں کئے گئے۔
15 نومبر 2017 کو وزیر اعلیٰ کے سی آر نے اردو زبان کو اس کا جائز مقام عطا کرنے کے مقصد سے ریاست کی دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیتے ہوئے اسمبلی میں متفقہ طور پر بل منظور کیا اور اس کا گزیٹ بھی شائع ہوا، بل منظور ہو کر 4 سال گزرنے کو ہے لیکن آج تک اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
تلنگانہ میں آفیشل لینگویج کمیشن میں ایک اردو کے نمائندہ کے علاوہ محکمہ تعلیم میں ایک اسپشل آفیسر فار اردو ہوا کرتا تھا لیکن اب یہ دونوں عہدے برخاست کردئے گئے ہیں۔