اردو

urdu

ETV Bharat / city

فلمساز رام گوپال ورما کے خلاف مقدمہ درج - پرانئے کمار مرڈر کیس

تلنگانہ پولیس نے عدالت کی ہدایت پر فلمساز رام گوپال ورما کے خلاف آنر کلنگ کے ایک مبینہ واقعے پر مبنی ان کی مجوزہ فلم 'مرڈر' کے سلسلے میں مقدمہ درج کیا ہے۔

ramgopalvarma
ramgopalvarma

By

Published : Jul 5, 2020, 6:27 AM IST

ورما اور پروڈیوسر نٹی کرونا کے خلاف ضلع نالگنڈہ کے میرالاگڈا ٹاؤن ون پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

عدالت نے یہ ہدایت پی بالاسوامی کی طرف سے دائر درخواست پر دی ہے جن کے بیٹے پرانئے کمار کو 2018 میں اس کے سسر ماروتی راؤ نے قتل کیا تھا جس نے اپنی بیٹی کے ساتھ اس کی شادی کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

ورما اور پروڈیوسر کے خلاف آئی پی سی سیکشن 153 اے اور ایس سی ایس ٹی (مظالم کی روک تھام) ترمیمی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

بالاسوامی، جو پچھلے مہینے عدالت سے رجوع ہوئے تھے نے فلم پر پابندی عائد کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پرانئے اور اس کی بہو امرتا کی تصاویر ان کی رضامندی کے بغیر استعمال کی جا رہی ہیں۔

پرانئے، 24 سالہ دلت کو ایک ملزم نے کھلے عام قتل کر دیا تھا جب وہ اپنی اہلیہ اور والدہ کے ہمراہ 14 ستمبر 2018 کو میرالگوڈا کے نجی اسپتال سے باہر آرہے تھے۔ قتل کا سنسنی خیز واقعہ وہاں موجود سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گیا تھا۔

ماروتی راؤ، جو ایک اونچی ذات سے تعلق رکھتے تھے اور سات دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا۔

راؤ ، جس نے پرانئے کو ایک کروڑ روپئے میں مارنے کا سودا کیا تھا، اس سال مارچ میں حیدرآباد میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔

ورما نے پچھلے مہینے اعلان کیا تھا کہ وہ ماروتی راؤ اور ان کی بیٹی کی کہانی پر ایک فلم بنا رہے ہیں۔

ہدایتکار نے 21 جون کو ٹویٹ کیا تھا 'فادر ڈے کے موقع پر میں امرتا اور ان سے محبت کرنے والے والد ماروتی راؤ کی المناک کہانی پر مبنی فلم کا پہلا لک پوسٹر لانچ کر رہا ہوں۔'

'یہ امرتا اور ماروتی راؤ پر مبنی ایک دل دہلانے والی کہانی بننے والی ہے جو باپ کو بیٹی سے زیادہ پیار کرنے کے خطرات ہیں۔'

امرتا، جو اب بھی اپنے سسرال کے ساتھ رہتی ہیں، نے ورما کے منصوبوں پر سخت رد عمل ظاہر کیا تھا اور اس فلم کو روکنے کے لئے قانونی جنگ لڑنے کا عزم کیا تھا۔

ورما نے اس مسئلے پر ٹویٹس کی ایک سیریز میں کہا تھا کہ 'یہ فرض کرنا ہے بے وقوفی ہے کہ میں کسی کو منفی کردار میں پیش کرنے جا رہا ہوں۔ میں اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہوں کہ کوئی بھی برا نہیں ہوتا ہے اور صرف برے حالات ہی لوگوں کو برا بنا دیتے ہیں یا برا سلوک کرنے پر مجبور کر دیتے ہیں اور یہی چیز میں 'مرڈر' میں پیش کرنا چاہتا ہوں۔'

ABOUT THE AUTHOR

...view details