تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے ایک نوجوان کو امریکہ میں چاقو گھونپ کر ہلاک کر دیا گیا۔ چنچل گوڑہ علاقہ کے رہنے والے 37 سالہ محمد عارف محی الدین جو امریکہ کے جارجیا میں رہتے تھے کو دو دن پہلے نامعلوم افراد نے چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا۔ وہ جارجیا میں گراسری کی دکان چلاتے تھے۔
حیدرآبادی نوجوان کا امریکہ میں قتل - تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد
نوجوان گذشتہ دس سال سے امریکہ میں تھے اور دس ماہ پہلے ہی حیدرآباد آئے تھے۔
عارف گذشتہ دس سال سے امریکہ میں تھے اور دس ماہ پہلے ہی حیدرآباد آئے تھے۔ عارف کی اہلیہ نے کہا کہ ان کے شوہر سے ان کی دو دن پہلے فون پر بات ہوئی۔ اس دوران انہوں نے کہا تھا کہ وہ آدھے گھنٹے بعد بات کریں گے تاہم انہوں نے کال نہیں کیا۔ جب باربار فون کرنے کے باوجود بھی ان سے رابطہ نہیں ہوسکا تو انہوں نے اپنی رشتہ دار کو فون کیا جنہوں نے عارف کے دوستوں سے رابطہ کیا اور پولیس سے بھی اس تعلق سے معلومات حاصل کیں جس کے بعد پولیس سے ان کو پتہ چلا کہ عارف کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
عارف کی اہلیہ اور سسر خواجہ معزالدین نے بھارتی سفارت خانہ اور وزارت خارجہ سے درخواست کی ہے کہ وہ مداخلت کرے اور عارف کی تدفین میں شرکت کے لئے ایمرجنسی ویزا کا انتظام کرے۔ خواجہ معزالدین نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی ایمرجنسی ویزا کے لئے درخواست داخل کی ہے تاہم اس کا کوئی مناسب جواب نہیں آیا۔