عالمی وبا کورونا وائرس کی ویکسین تیار نا ہونے کی وجہ سے ابھی تک اس وبا سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر ہی لوگوں کو عمل پیرا ہونے کی ہدایت دی جارہی ہے، احتیاطی تدابیر کی وجہ سے متعدد تہواروں پر بھی حکومت کی جانب سے گائیڈ لائین جاری کرکے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے پر زور دیا جارہا ہے۔
حیدرآباد بکرا منڈی پر کورونا کا اثر ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں موسی ندی کے کنارے واقع ضیاء گوڑہ بکرا منڈی کو کورونا وائرس کی وجہ سے حکومت کی جانب سے کھولنے کی اجازت نہ دیے جانے پر بکرا کاروباریوں کو کافی زیادہ نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے۔
حکومت نے کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاون میں 4 ماہ سے بکرا منڈی بند ہے جس کی وجہ سے منڈی میں کاروبار کرنے والے تاجر ، قصاب برادری اور صفائی کے کام کرنے والی خواتین بھی پریشان ہیں۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ وہ 4 ماہ سے بہت زیادہ پریشان ہیں، حکومت کی جانب سے بازاروں میں نرمی تو دی گئی لیکن بکرا منڈی کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے، ماہ رمضان میں کاروبار بند تھا جس کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔
عید الاضحی کے موقع پر ہر برس بکرا منڈی میں متعدد ریاستوں سے بکرے لائے جاتے ہیں لیکن پولیس منڈی میں بکرا فروخت کرنے سے منع کررہے ہیں، تاجروں نے وزیراعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اور عیدالاضحیٰ تک کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے۔