ہر جگہ قومی پرچم لہرایاگیا اور ملک کی آزادی کے لیے جانیں قربان کرنے والے مجاہدین آزادی اور سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔
'تلنگانہ ریاست تمام شعبوں میں ترقی کررہی ہے' گورنر تمیلی سائی سوندراراجن نے قومی پرچم لہرایا۔ سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر رنگا رنگ پریڈ کا جائزہ لینے کے بعد ریاست کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ریاستی حکومت بہتر حکمرانی فراہم کررہی ہے۔نئی ریاست تلنگانہ تمام شعبوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے اور ترقیاتی اسکیمات پر موثر طورپر عمل کیاجارہا ہے۔مشن کاکتیہ،مشن بھاگیرتا،ریتو بندھو،ریتوبیمہ،پلے پرگتی جیسی بہترین اسکیمز تیارکی گئی ہیں۔ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی قیادت میں ریاست بہترین ترقی کررہی ہے۔کم وقت میں ہی تلنگانہ ریاست ملک کے لیے ماڈل ریاست بن گئی ہے۔ ریاست میں کئی اصلاحات پر عمل کیاجارہا ہے۔23نئے اضلاع کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے۔تانڈوں کو گرام پنچایت میں تبدیل کیاگیا ہے۔نئی بلدیات کے قانون کی تیاری کی گئی ہے۔جلد ہی نیا ریونیو قانون حکومت نافذ کرے گی۔اس ریونیو قانون کے ذریعہ شفاف خدمات کی فراہمی کے لئے حکومت مناسب اقدامات کرے گی۔ پلے پرگتی(گاوں کی ترقی) پروگرام کے ذریعہ دیہاتوں کی ترقی کو یقینی بنایاگیا ہے۔اس کے ذریعہ دیہاتوں کی شکل بدل گئی ہے۔پلے پرگتی کی طرح پٹنا پرگتی (شہروں کی ترقی)کے پروگرام کی شروعات کی جائے گی۔آسراوظیفہ،کلیانا لکشمی،شادی مبارک،کے سی آرکٹس جیسی شاندار اسکیمز پر ریاستی حکومت عمل کررہی ہے۔ریاست کو سرسبز تلنگانہ میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔کالیشورم پروجیکٹ کا پانی گزشتہ برس سے دستیاب کروایاگیا ہے۔ریاست کے کئی پروجیکٹس کے کام تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہیں۔گورنر نے واضح کیا کہ فلاحی اسکیمز سے ریاست کے عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔