تلنگانہ کے ضلع وقارآباد میں پیش آئے سڑک حادثہ میں پانچ افراد بشمول خاتون ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ ہفتہ کی صبح کی اولین ساعتوں میں اُس وقت پیش آیا جب تیز رفتار لاری نے ضلع کے ازرا چٹم پلی گاؤں میں سڑک کے کنارے ٹہرے ہوئے آٹو کو ٹکر مار دی۔
اس خوفناک حادثہ کی وجہ شدید کہرا سمجھا جا رہا ہے۔ یہ حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کی اسپتال منتقلی کے دوران موت ہوگئی۔ تمام مہلوکین شنکرپلی میں کپاس کے کھیتوں میں کام کرنے کیلئے جارہے تھے اور اپنے دیگر ساتھیوں کے منتظر تھے کہ اچانک تیز رفتار لاری نے آٹو کو ٹکر دے دی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ آر ٹی سی بس مخالف سمت سے آنے کے دوران سڑک پر رک گئی جبکہ سڑک کے دوسری طرف آٹو ٹھہری ہوئی تھی۔ اسی سمت سے آنے والی لاری نے آٹو کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔