ریاست تلنگانہ کے رچہ کنڈہ علاقے کے پولیس کمشنر مہیش بھگوت نے کہا کہ مرکز نظام الدین سے واپس ہونے والے کسی بھی روہنگیامیں کورونا نہیں ہے۔
رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ(تلنگانہ)کے کمشنرمہیش بھگوت نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ ماہ دہلی کے مرکز سے واپس روہنگیا میں سے کوئی بھی کورونا سے مثبت نہیں پایاگیا ہے۔
انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں کورونا کے 27مثبت معاملات درج کئے گئے ہیں۔ان میں سے 6کو روبہ صحت ہونے پراسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے اور ایک کی موت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پانچ روہنگیا جو دہلی کے مرکز سے واپس ہوئے اس وائرس سے منفی پائے گئے۔اس ہفتہ کے اوائل میں مرکزی وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کا کورونا معائنہ کروائے۔حیدرآباد کے شاہین نگر کے ساتھ ساتھ میوات اور ہریانہ کے بعض روہنگیا مسلمانوں کے مراکز میں ہوئے اجتماع میں شرکت کی اطلاع کے بعد یہ ہدایت سامنے آئی تھی۔