آسام کی حکومت نے جمعہ کے روز ریاست میں کووڈ۔19 وبا کے عروج کے دوران پیٹرول، ڈیزل اور شراب پر اضافی سیس واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر خزانہ ڈاکٹر ہمنت بشوا شرما نے ریاستی قانون ساز اسمبلی میں کہا ’’اب وبا بڑی حد تک کم ہوچکی ہے، مریضوں کی تعداد بھی کم ہوگئی ہے اور کووڈ۔19 کی اسکریننگ کی ضرورت ہے۔ ایسے حالات میں ریاستی کابینہ نے کووڈ کے دور میں لگائے گئے اضافی سیس اور ٹیکس واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل پر لگائے گئے اضافی سیس کو ہٹا دیا گیا ہے اور آج آدھی رات سے یہ 5 روپے فی لیٹر سستا ہوجائے گا۔ اسی طرح گزشتہ سال کے دوران مختلف اقسام کی شراب پر لگائے گئے لگ بھگ 25 فیصد اضافی سیس بھی واپس لے لیے گئے ہیں۔