کرگل جنگ کو آپریشن وجے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ آپریشن وجے مئی اور جولائی 1999 کے درمیان کشمیر کے ضلع کرگل میں بھارت اور پاکستان کے درمیان مسلح تصادم کا نام ہے۔ پاکستان کی فوج نے لائن آف کنٹرول کو عبور کیا اور بھارت کی سرزمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم بھارتی فوج نے پاکستان کے عزائم کو شکست دے کر اسے پیچھے ڈھکیل دیا تھا۔
ڈاکٹر گڑگ نے کرگل جنگ میں 200 سے زائد فوجیوں کا علاج کیا تھا کرگل جنگ کے دوران غازی آباد کے اشوک نگر کی باشندہ ڈاکٹر میجر پراچی گرگ نے ایک اہم کردار ادا کیا۔ کرگل وجے دیوس کے موقع پر ای ٹی وی بھارت نے ڈاکٹر میجر پراچی گرگ سے خصوصی گفتگو کی۔
ڈاکٹر میجر پراچی گرگ کا کہنا ہے کہ جب وہ فوج میں شامل ہوئیں تو انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ انہیں کسی جنگ کا حصہ بننے کا موقع ملے گا۔
میجر پراچی کا کہنا ہے کہ کرگل جنگ کے دوران وہ آٹھویں ماؤنٹین آرٹلری بریگیڈ کے ساتھ پانڈراس سیکٹر میں موجود تھیں۔ میدان جنگ میں انہوں نے میڈیکل آفیسر کی حیثیت سے تقریبا تین ماہ تک ملک کے بہادر فوجیوں کا علاج کیا۔ وہ بریگیڈ میں واحد خاتون میڈیکل آفیسر تھیں، جنہوں نے جنگ میں زخمی 200 سے زیادہ فوجیوں کا علاج کیا۔
ڈاکٹر گرگ کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران انہوں نے جن بہادر فوجیوں کا علاج کیا ان میں کئی شدید طور پر زخمی ہوگئے تھے، جنہیں ایمبولینسوں کے ذریعے لایا گیا تھا جبکہ کچھ کو معمولی چوٹیں تھی لیکن متعدد شہید فوجیوں کی لاشیں ایسی بھی دیکھیں جن کا سر دھڑ سے جدا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کرگل جنگ کے دوران انہیں بہت سی نئی چیزیں دیکھنے کو ملیں۔ جنہیں دیکھ کر کئی چیزیں سیکھنے کی خواہش ہوتی تھی۔ انہوں نے میدان جنگ میں میجر پرسون سے فائر کمانڈ سیکھا۔
انہوں نے بتایا کہ 2003 میں وہ فوج سے سبکدوشی ہوگئی۔ اب وہ ہارٹ کیئر فاؤنڈیشن آف انڈیا میں ڈاکٹر کے کے اگروال کے ساتھ بطور ڈاکٹر کام کر رہی ہیں۔ کرگل جنگ کے دوران انہوں نے فوج میں جو نظم و ضبط سیکھا تھا وہ ان کی زندگی میں بہت کارآمد ہے۔ کورونا کال کے دوران وہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کا علاج کر رہی ہیں۔ اب تک انہوں نے 1000 سے زیادہ کورونا متاثرہ مریضوں کا علاج کیا ہے۔
سال 2016 میں انھیں انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کی طرف سے امرتسر میں آئی ایم اے کے ڈاکٹر اے پی شکلا میموریل سروس ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ اس کے علاوہ انہیں بہت سے ایوارڈز مل چکے ہیں جن میں گریٹ اچیور ایوارڈ، ناری گورو سممان، آرادھنا سممان شامل ہیں۔ 2018 میں انہیں دہلی میڈیکل ایسوسی ایشن نے 'نو پلاسٹک مہم' کا گرین ایمبیسڈر بنا تھا۔