گولی باری میں وارڈ کونسلر راہل شرما کے گھر کی عورتیں زخمی ہو گئی تھیں۔ یہ عورتیں انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج و ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ایس ایس پی راجیو مشرا سے وارڈ کونسلر راہل شرما، وارڈ کونسلر اوم پرکاش سنگھ نے ملاقات کر قصورواروں پر سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ گزشتہ رات کشیدگی کے دوران چلی گولیوں میں راہل شرما کے گھر کی تین خواتین اور ایک بچہ زخمی ہو گیا تھا۔ ایس ایس پی سے مل کر راہل شرما نے کوتوالی تھانہ انچارج کے خلاف شکایت بھی کی ہے۔
ایس ایس پی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جو بھی اس معاملے میں قصوروار ہوں گے ان کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔
راہل شرمانے بتایا کہ وہ ایک وارڈ کونسلر ہیں اور ان کے لئے سبھی طبقے کے لوگ برابر ہیں، مگر ایک فرقے کے کچھ لوگوں کی جانب سے ان کے گھر پر گولی باری کی گئی ہے جس میں ان کے خاندان کے لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ اس معاملے میں جو بھی شامل ہیں ان کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہئے۔
راہل شرما نے نامزد افراد کی گرفتاری کے لئے ایس ایس پی سے مطالبہ کیا ہے۔ حالانکہ راہل شرما نے گیا کے باشندوں سے امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں کسی طبقے یا فرقے سے شکایت نہیں ہے اور نہ ہی وہ کسی دوسرے فرقے کے پورے افراد کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔ وہ محض اتنا چاہتے ہیں جو بھی قصوروار ہوں خواہ ان کا تعلق کسی بھی فرقے سے ہو ان کی گرفتاری یقینی طور سے ہو۔ تاکہ اس طرح کی واردات کوانجام دینے والوں کے دلوں میں قانون اور پولیس کا خوف رہے۔
واضح ہو کہ شہر کے توتواڑی پنچائتی اکھاڑا میں ہوئی کشیدگی معاملے میں ایک نامزد ملزم کی گرفتاری ہو چکی ہے، ایف ایس ایل کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر جانچ کیا ہے۔ بقیہ افراد کی گرفتاری کے لئے چھاپے ماری کی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ جس میں ایک ایف آئی آر وارڈ کونسلر کے رشتہ دار شتیش شرما کی جانب سے اور دوسری ایف آئی آر پولیس کی جانب سے تھانہ انچارج کے بیان پر کی گئی ہے۔