اطلاعات کے مطابق ریاست بہار کے ضلع گیا میں سی اے اے و این آرسی کی مخالفت میں جاری غیر معینہ دھرنے میں بدھ کی رات کچھ شرپسندوں نے اچانک حملہ کردیا۔ شرپسندوں کی فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف کا ماحول بنا ہوا ہے۔ تاہم حالات خراب ہو اس سے قبل پولیس کے اعلی حکام موقع واردات پہنچ چکے ہیں۔
مذکورہ واقعہ شہر گیا سے قریب دس کیلومیٹر کے فاصلے پر واقع بارا چاکند کا ہے 'سنویدھان پچاؤ دیش بچاؤ سنگھر مورچہ' کی جانب سے سی اے اے اور این آر سی کے خلاف گذشتہ دو ماہ سے دھرنا جاری ہے۔
ابھی پورے معاملے کی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے تاہم ایس ایس پی راجیومشرا نے گولی چلنے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ گولی چلانے والے تین شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق دو موٹر سائیکل پر سوار پانچ شرپسند آئے اور اچانک گولی چلانے لگے۔ دھرنے میں اچانک گولیاں چلنے سے افراتفری مچ گئی۔ دھرنے میں موجود نوجوانوں نے ہمت دکھاتے ہوئے شرپسندوں کو کھدیڑنا شروع کیا۔ اسی دوران تین شرپسندوں کو لوگوں نے پکڑ لیا۔ ان کے پاس سے اسلحہ بھی برآمد ہواہے۔ پولیس موقع پر موجود ہے۔ حالانکہ کسی کو گولی لگنے کی اطلاع نہیں ہے۔
مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔