ریاست بہار کے شہر گیا میں شانتی نیکیتن اکیڈمی کی تمام شاخوں میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سالگرہ تمام طلباء نے آن لائن شرکت کرکے منائی، جبکہ اسکول کے اساتذہ نے مہاتما گاندھی کی تصویر پر گلپوشی کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔
آن لائن تقریب میں طلبہ و طالبات مہاتما گاندھی اور کستوربا گاندھی کی طرح کپڑوں میں ملبوس نظر آئے، اسکول کی معلمات نے بچوں کو خطاب کرتے ہوئے گاندھی کے اصولوں اور انکی باتوں پر عمل کرتے ہوئے زندگی گزارنے کی نصیحت کی اور کہا کہ برائیوں کے راستے کو ہمیشہ ترک کرنا چاہئے اور سچائی کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑنا چاہئے، معاشرے سے برائی کو ختم کرنے کے لیے ہر ایک کا تعاون ضروری ہے، امن و شانتی قائم رکھنے کے لیے مہاتما گاندھی کے نظریہ اور کردار کو اپنانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر اسکول کے ڈائریکٹر ہری پرپننا عرف پپو جی نے مہاتما گاندھی کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں مہاتما گاندھی کی طرح سچائی اور امن کے راستے پر چلنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ایک طاقتور اور ترقی پذیر ملک اور اچھے معاشرے کی تشکیل کی جاسکے۔