کورونا وبا سے نجات و بچاو کے لئے ملکی سطح پر لاک ڈاؤن تین مئی تک جاری ہے۔ تاہم وزیراعظم نریندرمودی کے ذریعے کئے گئے اعلان کے تحت آج سے کچھ چیزوں میں رعایت دی جارہی ہے۔
اسی کے تحت بہار حکومت کی ہدایت پر آج سے تمام سرکاری دفاتر، خواہ وہ بلاک سطح پر یا سب ڈویژن سطح پر ہوں یا ضلعی سطح پر کھلے رہیں گے اور تمام عہدیدار اپنے دفتر میں موجود ہوں گے۔
ویسے سرکاری ملازم کو ہدایت دی گئی ہے جو لاک ڈاؤن میں کہیں اور چلے گئے تھے وہ متعلقہ محکمہ کے افسر کے ذریعہ پاس جاری کرا کر اپنے دفتر میں رپورٹ کریں گے۔ ضلع میں کن کاموں کی اجازت ہوگی اس کو لیکر ضلع مجسٹریٹ ابھیشیک کمار سنگھ نے ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔ اس کو لیکر جائزہ میٹنگ بھی کی گئی ہے۔
ضلع ابھیشیک کمارسنگھ نے سبھی سرکاری دفاتر سے کہا کہ تمام عہدیدار اپنے دفتر میں صفائی ستھرائی کا نظام لازمی طور سے رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ جگہوں پر عوامی بھیڑ ہوتی ہے جیسے رجسٹریشن آفس، ٹرانسپورٹ آفس وغیرہ، وہاں پر سوشل ڈسٹینسنگ کے لئے متعلقہ محکمہ کے اہلکاروں یا پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔
آر ٹی پی ایس اور ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفس کی خدمات آن لائن حاصل کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سے منریگا اور اس سے جڑے محکمہ میں کام شروع کردیا جائے گا۔ پانی اسٹاک وسپلائی کرنے، پودھے لگانے اور گڑھے کی کھدائی کے کام کو ترجیح دی جانی چاہئے۔