گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا کی پولیس نے ضلع کے نیم چک بتھانی کے سمرور گاؤں سے بیک وقت 12 مجرموں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے پاس سے کافی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ برآمد اسلحوں میں زیادہ تعداد رائفلز کی بتائی جا رہی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ پکڑے جانے والے مجرموں میں سے ایک راجو میاں حال ہی میں پیرول پر جیل سے باہر آیا تھا۔ راجو میاں شاطر مجرم رہا ہے۔ اس کے خلاف مختلف تھانوں میں درجنوں مقدمات درج ہیں۔ وہ اپنے ہی گاؤں کے ممتاز خان کے قتل کے جرم میں جیل گیا تھا۔ ممتاز خان ٹاٹا میں رہتے تھے اور گاؤں آنے پر انہیں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا Gaya police arrested 12 criminals with weapons۔
اطلاع کے مطابق سمرور کے راجو میاں کے جیل سے پیرول آنے کے بعد گاؤں کی ایک زمین کو لے کر ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی تھی۔ راجو میاں اور اس کے دوست دیر رات رائفل اور دوسرے اسلحہ کے ساتھ زمین پر قبضہ کرنے کے لیے جمع ہو رہے تھے۔ نیمچک بتھانی کے ڈی ایس پی ونے کمار شرما کو اس کی اطلاع دی گئی۔ جس کے بعد وہ اتوار کی صبح بتھانی تھانہ کی پولیس اور ایس ٹی ایف کی ٹیم کے ساتھ پوری تیاری کے ساتھ گاؤں پہنچے اور موقع سے 12 مجرموں کو گرفتار کیا۔