ضلع گیا میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر انتظامیہ نے متعدد فیصلے لیے ہیں۔ ڈسٹرک مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 'گیا میں ہر اتوار کو لاک ڈاون نافذ رہے گا تاکہ شہر کو میونسپل کارپوریشن کی طرف سے سینیٹائز کیا جا سکے۔'
جبکہ پیر کے روز سے سنیچر تک الٹنیٹیو دوکانیں کھلیں گی۔ سبزی یا پھل منڈی کشادہ راستوں پر نہیں ہونگی۔ جہاں پہلے سے سبزی اور پھل منڈیوں کی جگہ طے کی گئی ہے وہیں پر ان کی دوکانیں کھلیں گی'۔
نئی ہدایات کے مطابق بائیں طرف کی دکانیں پیر، بدھ اور جمعہ کو کھلیں گی۔ دائیں طرف کی دکانیں منگل، جمعرات اور ہفتہ کو کھولی جائیں گی۔ انتظامیہ کی طرف سے اسکی تفصیل راستوں کے مطابق جاری کی گئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ' ماسک پہننا لازمی کیا گیا ہے۔ اسکی خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی کی جائیگی۔ خاص طور سے دوکانداروں کو دھیان رکھنا ہوگا کہ ان کی دوکانوں میں نہ تو صارفین اور نہ ہی وہاں کے اسٹاف بغیر ماسک کے رہیں، پکڑے جانے پر دکان مالک کے خلاف کارروائی کی جائیگی اور جرمانہ وصولا جائیگا۔ کچھ دنوں کے لیے ایسی دوکانوں کوبند بھی کیاجائیگا۔ ساتھ کنٹینمینٹ ژون میں جو انتظامات اور ہدایات ہیں وہ جاری رہیں گی۔'
انہوں نے کہاکہ ضلع میں کورونا کے بڑھتے کیسز کو ہرحال میں روکنا ہوگا اور اسکے لیے یہاں کے باشندوں کاتعاون انتہائی ضروری ہے۔ بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں جانے سے لوگوں کو خود بھی پرہیز کرنا چاہیے، گھر کے بڑے بزرگوں اور بچوں سمیت ویسے افراد جن کو پہلے سے کسی طرح کی بیماریاں ہیں ان کا ہرحال میں خیال رکھیں، ویسے افراد گھرسے نکلنے سے پرہیز بھی کریں، اگر کسی کے علامات ظاہر ہوتے ہیں تو ویسے افراد اپنے مقامی ہیلتھ سینٹر کو اطلاع دیں تاکہ اگر کورونا کی جانچ کی ضرورت ہوتو ان کی جانچ کرائی جاسکے'۔
انہوں نے کہاکہ' ضلع میں اب تک 320 کورونا کے مثبت معاملے کی تصدیق ہوچکی ہے جس میں 266 مریض صحتیاب ہوکر گھر بھی واپس لوٹ چکے ہیں، کورونا سے مرنے والے تین کی رپورٹ حکومت تک پہنچائی جاچکی ہے اور حکومت کے ذریعے اعلان کیے گئے چار لاکھ روپے کے معاوضے کی رقم کی ادائیگی کے لیے سفارش بھی کی جاچکی ہے۔'
انہوں نے بودھ گیا میں ایک ساتھ ایک ہی کنبے کے پچیس افراد کی کوروناٹیسٹ رپورٹ مثبت کے معاملے پر کہاکہ ان کی رپورٹ ٹرونیٹ مشین سے پروویزنل ہے، کنفرم رپورٹ آنے کے بعد ہی مثبت ہونے کی تصدیق کی جائیگی، یہ معاملہ ایک تقریب سے بھی جڑا ہوا ہے۔ انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج و ہسپتال میں کورونا ٹیسٹ میں تاخیر ہونے کے معاملے پر ڈسٹرک مجسٹریٹ نے کہاکہ' کنفرم کٹ یہاں ختم ہوگئی تھی جسکی وجہ سے تین چاردنوں تک جانچ کی کاروائی میں رکی ہے تاہم اب سبھی ٹھیک ہوگیا ہے'۔
ڈسٹرک مجسٹریٹ ابھشیک کمار نے ساتھ ہی کہاکہ جو صحت مند ہیں اور ان میں کورونا پایا جاتاہے اور ان کا گھر وسیع ہے اور وہ گھر میں ہی قرنطین ہوناچاہتے ہیں تو ویسے افراد کچھ شرائط کے ساتھ ہوم قرنطین ہوسکتے ہیں تاہم انہیں لکھ کردینا ہوگا انہیں پہلے سے کوئی بیماری نہیں ہے'۔