گیا: تہواروں کا موسم بہار کی جیلوں میں بھی ہم آہنگی اور خوشی کی لہر لارہا ہے جہاں ہندو مسلمان اپنے اپنے عقائد سے جڑی رسموں کو ادا کررہے ہیں اور اس دوران وہ ایک دوسرے کی مدد بھی کررہے ہیں۔ گیا سینٹرل جیل میں رمضان المبارک کے دوران قیدیوں کے روزہ رکھنے کی روایت ہے۔ یہاں ہر برس مسلم قیدی روزہ رکھتے ہیں جبکہ کئی رمضان ایسے بھی گزرے ہیں جب ہندو قیدیوں نے بھی روزہ رکھا ہے حالانکہ اس مرتبہ اسکی اطلاع نہیں ہے۔ لیکن اس مرتبہ بھی جیل میں رحمت وبرکت والے مہینے کی سعادتوں سے سبھی فیضیاب ہونا چاہتے ہیں Fasting and brotherhood of prisoners in Gaya Central Jail۔
جیل انتظامیہ کے مطابق رات میں تراویح کی نماز بھی ادا ہوتی ہے حسن اتفاق اس مرتبہ گیا سینٹرل جیل میں روزہ اور چیتی چھٹھ کا ماحول ایک جیسا ہے کیونکہ جہاں مسلم قیدی روزہ رکھ رہے ہیں۔ وہیں چیتی چھٹھ کرنے والے بھی "اپواس" پر ہیں۔ جیل میں یوں تو ہر دن صفائی کا نظام ہے، تاہم ابھی تہوار کے پیش نظر صفائی کا خصوصی اہتمام ہے اور یہ خود قیدیوں کی جانب سے ہے خاص بات یہ ہے کہ یہ صفائی ہندو مسلم قیدی ایک دوسرے کے لیے کرتے ہیں۔ جو روزہ نہیں رکھتے یا جو چھٹھ نہیں منا رہے ہیں وہ بھی ان کے احترام کے لیے کھڑے ہوتے ہیں اور کاموں میں انکی مدد کرتے ہیں گویا کہ سینٹرل جیل میں قیدیوں کا روزہ اور بھائی چارہ دونوں ہی مثالی ہوگیا ہے۔