گیا میں بندشوں اور کورونا وائرس کے سائے میں عید الفطر کی نماز ادا کی جا رہی ہے، زیادہ تر افراد اپنے گھروں میں ہی نماز ادا کر رہے ہیں، گھروں میں نماز ادا کرنے کے بعد لوگ سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر شیئر کرکے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے بھی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
عید پر کورونا کا سایہ: عید کی نماز گھروں میں ادا کی گئی - مساجد میں چند افراد نے ہی نماز ادا کی
بہار کے ضلع گیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے ریاست میں نافذ لاک ڈاون کے پیش نظر لوگوں نے عید کی نماز گھروں میں ہی ادا کی، شہری علاقوں کی مساجد میں چند افراد نے ہی نماز ادا کی۔
کورونا وائرس کی وجہ سے علماء کرام بھی احتیاط برتنے کی اپیل کرتے رہے ہیں، تقریبا گیا کے تمام علماء کرام پہلے ہی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دے چکے تھے اور تمام مساجد سے اعلانات کیا گیا تھا کہ لوگ اپنے گھروں میں ہی عید کی نماز ادا کریں اور کورونا کے خاتمے اور مرحومین کی نجات وبلندی اور پوری دنیا میں امن و سلامتی کے لیے دعائیں کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔
خانقاہ منعمیہ ابوالعلائیہ رام ساگر کے سجادہ نشین حضرت مولانا سید شاہ صباح الدین منعمی ، جامعہ برکات منصور کے ناظم اعلی حضرت مولانا سید عفان جامی نے عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج تو خوشی کا دن ہے تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر ہم سادگی کے ساتھ تہوار منائیں اور جن کے خاندان میں اموات ہوئی ہیں، ان سے اظہار تعزیت کریں، وبا سے بچنا ہے لیکن مریضوں سے امتیازی سلوک ہرگز نہیں کرنا ہے، ان سے محبت و ہمدردی کا اظہار کریں، فلسطینیوں کے حق میں بھی دعا کریں۔