ریاست بہار کے دربھنگہ ضلع پولیس نے گانجہ اور نشیلی ادویات فروخت کرنے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گانجہ اور کثیر مقدار میں نشیلی ادویات کے ساتھ ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے۔
ملزم کی شناخت سشیلا دیوی ولد رمیش بھنڈاری ساکن محلہ باقر گنج کچہری پوکھر تھانہ لہریا سرائے ضلع دربھنگہ کے طور پر ہوئی ۔
گرفتار ملزمہ کے پاس سے کثیر مقدار میں گانجے کے علاوہ دیگر نشیلی ادویات بھی برآمد کی گئیں۔ نشیلی کیپسول، انجکشن موبائل فون اور ایک بغیر نمبر والی اسکوٹی برآمد کی گئی ہے۔
دربھنگہ میں گانجہ اور نشیلی ادویات ضبط ایس پی پولیس نے بتایا کہ لہریا سرائے تھانہ کی پولیس معمول کے مطابق گشت کر رہی تھی کہ اس دوران باقر گنج محلے کے ایک باشندے نے انیل بھنڈاری اور اس کے گھر کے لوگوں کے ذریعہ گانجہ اور نشیلی اشیا فروخت کرنے کی اطلاع پولیس کو دی۔
اس اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انیل بھنڈاری کے گھر پر چھاپہ ماری کی جہاں کثیر مقدار میں گانجہ اور نشیلی ادویات برآمد ہوئیں۔
جبکہ رمیش بھنڈاری کی بیوی سشیلا دیوی کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں ملوث دیگر ملزمین فرار ہیں۔ ان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ ماری کی جا رہی ہے اور گانجےا ور ادویات کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔