ضلع گیا میں ممنوعہ نکسلی تنظیم بھاکپا ماووادیوں نے نوتعمیر شدہ کمیونٹی ہال کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔ موقع سے لیوی سے متعلق پرچہ بھی ملا ہے۔
خیال رہے کہ مذکورہ کمیونٹی بھون کا افتتاح بہار کے سابق وزیر اعلی وعلاقے کے رکن اسمبلی جتن رام مانجھی نے کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ڈومریا تھانہ علاقہ کے بودھی بگہا گاؤں میں میں سی پی ایم ماووادیوں کے ایک مسلح دستے نے ایک عمارت کو ڈائنامائیٹ لگا کر اڑا دیا ہے۔ عمارت کو تباہ کرنے کے لیے ماؤنوازوں نے آئی ڈی بم ایک کمیونٹی بھون کے پیچھے اور دوسرا اسکے کے آگے لگایا تھا ساتھ ہی ماؤنوازون کے ذریعے ہاتھوں سے لکھا ہوا ایک پرچہ بھی کمیونٹی بھون کے پاس چھوڑا گیا ہے جس میں جے ڈی یو کے رہنما وسابق ایم ایل سی سے تاوان کی رقم کا مطالبہ کیا گیا ہے اور ساتھ جے ڈی یو رہنما پر پولیس کا مخبر ہونے کا بھی الزامات لگایا گیا ہے۔
ماؤنوازوں کے پرچے میں لکھا ہے کہ سابق ایم ایل سی انوج سنگھ پولیس کا مخبر ہے جس نے عام لوگوں اور نکسلیوں کے تئیں ہمدردی رکھنے والوں کو پریشان کیا ہے جس کے لیے انوج سنگھ کو پہلے بھی وارننگ دی گئی ہے۔ پرچہ میں لکھا گیا ہے رہنماؤں اور ٹھکیداروں و زمین داروں نے غلط ڈھنگ سے املاک بنائی ہے اور ان کے خلاف لڑائی جاری رکھنے کا بھی عندیہ نکسلیوں ظاہر کیا ہے۔ نکسلیوں نے کہا ہے کہ انوج سنگھ نے بودھی بگہا میں پولیس کیمپ کھولنے کے لیے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کی ہے۔