ضلع گیا کے اے این ایم سی ایچ ہسپتال سے خبر آ ئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ایک نوجوان ہسپتال کی غفلت کے باعث فوت ہوگیا۔ نوجوان کے اہل خانہ نے ہسپتال پر عدم توجہی کا الزام عائد کیا ہے۔
دراصل اورنگ آباد کا رہنے والا راہل پانچ دن سے علیل تھا۔ منگل کو راہل کو جے پرکاش نارائن اسپتال لایا گیا تھا۔ جہاں ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج و ہسپتال ریفر کردیا۔
مریض کا کورونا نمونہ لےکر اس کی ابتدائی جانچ کی گئی، اس کے بعد بدھ کے روز ہسپتال نے پھر سے بیمار شخص کو جے پی این ریفر کردیا۔
صورتحال اتنی بگڑ گئی کہ جے پی این کے ڈاکٹروں نے اس کا علاج کرنے کی بجائے اسے دوبارہ میڈیکل بھیج دیا۔ حالت خراب ہوتے دیکھ کر دوبارہ میڈیکل پہنچنے کے بعد ڈاکٹروں نے علاج شروع کیا لیکن اسی دوران راہل کی موت ہوگئی راہل کے والدرام جی کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کی موت اسپتال کی غفلت اورعدم توجہی کی وجہ سے ہوئی ہے،
ایک اسپتال سے دوسرے اسپتال دوڑانے میں وقت ضائع کیاگیا ہے، اگر وقت رہتے علاج کیاجاتا تو ان کے بیٹے کی موت نہ ہوتی۔
سول سرجن بی کے سنگھ نے بتایا کہ مریض گردے اور دل کامریض تھا چونکہ اس طرح کے مریضوں کے لئے اے این ایم سی ایچ میں سارا انتظام ہوتا ہے اسی لئے وہاں ریفر کیاگیا تھا، کیونکہ وہاں وینٹلیٹر سمیت سبھی طرح کی چیزیں دستیاب ہیں۔ انہوں نے ہسپتال کی لاپروائی سے صاف انکار کیا ہے۔