ریاست ہریانہ کے فریدآباد ضلع کے دھوج گاؤں میں ہریانہ وقف بورڈ کی طرف سے مجوزہ کوچنگ سینٹر اور لائبریری کی تیاریوں کا ہریانہ وقف بورڈ کے انتظامیہ اور سی ای او ڈاکٹر حنیف قریشی نے جائزہ لیا جس کا آئندہ ہفتہ افتتاح کیا جائے گا۔
کوچنگ سینٹر اور لائبریری کی تیاریوں کا جائزہ اس موقع پر پریس کانفرنس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وقف بورڈ کے سی ای او ڈاکٹر حنیف قریشی نے کہا کہ 'کتابیں انسانوں کی بہترین دوست ہوتی ہیں، طالب علم کتابوں کے ذریعہ ہی ترقی کی منزلیں طے کرتا ہے جس کی وجہ سے ہریانہ وقف بورڈ تعلیم کو لے کر انتہائی سنجیدہ ہے۔'
فریدآباد گڑگاؤں جیسے بڑے شہروں میں تو کوچنگ سینٹرز کی کثرت ہوتی ہے لیکن طلباء کی رہنمائی کے لیے دیہی علاقوں میں نہ تو لائبریریاں ہیں اور نہ ہی تعلیمی ادارے ہیں ایسے میں وقف بورڈ کی طرف سے اٹھایا گیا یہ قدم تعلیم کے میدان میں بڑا قدم ہے۔
ڈاکٹر حنیف قریشی نے کہا کہ یہ کوچنگ سینٹر اور لائبریری علاقے کے لیے تعلیمی ترقی کے اعتبار سے سنگ میل ثابت ہوگی۔
اس موقع پر انتظامی افسر امتیاز خضر، معاونین پروفیسر وسیم اکرم، ای او تصور آزاد، رینٹ کلیکٹر نفیس، نسیم، حاجی ارشاد سمیت گاؤں کے معزز افراد موجود تھے۔