منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ گاندھی نے کہا کہ حکمراں پارٹی نے پولرائزیشن کی سیاست کرکے حالیہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے، لیکن کانگریس اس سے مایوس نہیں ہے اور عوام کے امور اٹھاکر عوام کے لئے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی آواز کو کسی بھی طریقے سے دبانا چاہتی ہے۔ وہ مہنگائی کے معاملے پر اپوزیشن کی بات نہیں سن رہی اور محنت کش طبقے کا مسلسل استحصال کر رہی ہے۔ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف 28 اپریل کو ملک گیر ہڑتال نے ثابت کر دیا ہے کہ حکومت کو عوام کے مسائل کے سامنے جھکنا پڑے گا۔
کانگریس صدر نے کہا کہ ان کی پارٹی ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے تعلق سے حکومت سے مسلسل بحث کا مطالبہ کر رہی ہے، لیکن حکومت ان کی بات سننے کو تیار نہیں ہے۔ مہنگائی آسمان چھو رہی ہے اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے لیکن حکومت بحث کرنے کی بجائے اپوزیشن کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔