دہلی ہائی کورٹ نے اروند کیجریوال حکومت کو کورونا وبا کے سبب لاک ڈاؤن کی مار سے پریشان دہلی کے کرایہ داروں کا مکان کرایہ دینے کی پالیسی تیار کرنے کے لیے جمعہ کے روز مزید دو ہفتے کی مہلت دی۔
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کورونا کے دوران گزشتہ برس نافذ لاک ڈاؤن کے دوران کرایہ دینے میں نااہل غریبوں کا کرایہ حکومت کی جانب سے دینے کا اعلان کیا تھا۔ دہلی ہائی کورٹ نے ایک عرضی کی شنوائی کے بعد اس اعلان پر عمل کرنے کا حکم جولائی میں دہلی حکومت کو دیا تھا۔
جسٹس ریکھا پلّی کی بینچ نے دہلی ہائی کورٹ کے 22 جولائی کے اس فیصلے کو متعین کرکے چھ ہفتے میں نافذ کرنے سے متعلق ایک عرضی کی شنوائی کے دوران دونوں فریق کی دلیل سننے کے بعد حکومت کو یہ راحت دی۔
دہلی حکومت کی جانب سے پیش وکیل گورو جین نے جسٹس ریکھا پلّی سے کہا کہ فیصلے کو چھ ہفتے میں نافذ کرنے کی متعینہ مدت دو ستمبر کو ختم ہو گئی لیکن اس سمت میں دہلی حکومت کی جانب سے کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرایہ کی ادائیگی کے سلسلے میں کوئی واضح پالیسی کے بغیر عدالت کے فیصلے پر عمل کیسے کیا جا سکتا ہے۔