دارالحکومت دہلی میں گذشتہ 20 روز سے مسلسل پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کو لیکر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے بعد دہلی پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔
کانگریس ریاستی صدر کو پولیس نے حراست میں لیا - گورنر کو میمورنڈم
کانگریسی رہنما دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کو میمورنڈم دینے آئے تھے لیکن انہیں پولیس کے زور پر راستہ سے ہی اٹھا لیا گیا۔
دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چوہدری انل کمار، سابق صدر سبھاش چوپڑا اور ان کے ساتھ دیگر ساتھیوں کے ساتھ پولیس نے انہیں راستہ سے ہی حراست میں لے لیا۔ کانگریس کا یہ احتجاج دہلی حکومت اور مرکزی حکومت کے خلاف تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ بات بات پر احتجاج کرنے والے اروند کیجریوال پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پر کیوں چپ ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ وہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کو میمورنڈم دینے آئے تھے لیکن انہیں پولیس کے زور پر راستہ سے ہی اٹھا لیا گیا۔ چوہدری انل کمار کا کہنا ہے کہ اب عوام کو بولنے کی بھی آزادی نہیں ہے، جو بھی بولتا ہے اسے پولیس کے زور سے چپ کرا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی مسلسل ملک میں ہو رہی غلط پالیسیوں اور پٹرول ڈیزل کی قیمتوں کو لیکر اپنا احتجاج درج کراتے رہے ہیں لیکن مودی حکومت اب سننا ہی نہیں چاہتی۔